نئی دہلی،11؍فروری (ایس او نیوز؍ایجنسی) پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے سامنے صدر کے خطاب پر بدھ کے روز لوک سبھا کے ذریعہ شکریہ کی تحریک پاس کی گئی۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے گذشتہ دو دن سے شکریہ تجویز پر بحث کا جواب دیا اور اس کے بعد لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے ایوان میں اپوزیشن ممبران کے ذریعہ لائی جانے والی ترامیم کی تجاویز پیش کی۔ صوتی ووٹوں کے ذریعہ ترمیم کی تمام تجاویز کو مسترد کردیا گیا۔ جب وزیر اعظم اس بحث کا جواب دے رہے تھے، کانگریس کے ممبران نے زرعی قوانین کولے کر ہنگامہ کھڑا کردیا اور بعد میں وہ ایوان سے واک آؤٹ ہوگئے۔
بعدازاں ڈی ایم کے اور ترنمول کانگریس کے ممبران بھی وزیر اعظم کے جواب سے عدم اطمینان محسوس کرتے ہوئے ایوان سے واک آؤٹ کرگئے۔ اظہارتشکر کے ووٹوں کی منظوری کے دوران ان تینوں پارٹیوں کے اراکین ایوان میں موجود نہیں تھے۔